نئی دہلی/بنگلورو، 22/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)شمالی ہندوستان کی متعدد ریاستوں میں صبح اور شام کے اوقات میں ہلکی ٹھنڈ محسوس کی جانے لگی ہے۔ دوسری جانب، جنوبی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ آج تمل نادو، کیرالہ، اور کرناٹک کے کچھ علاقوں میں بارش کے لیے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ بہار میں بھی بدھ سے کچھ مقامات پر بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، اور اس دوران تیز ہواؤں کے چلنے کی توقع ہے، جس سے سردی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
ملک کی اقتصادی راجدھانی کے طور پر مشہور مہاراشٹر کی راجدھانی ممبئی میں آج محکمہ موسمیات نے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ اس دوران ہلکی سے درمیانی سطح کی بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ وہیں دہلی میں آسمان صاف رہنے والا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج یہاں کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری اور کم سے کم درجہ حرارت 20 ڈگری رہنے کے آثار ہیں۔ راجستھان کے کچھ حصوں میں بارش ہو سکتی ہے۔ اس دوران تیز ہوائیں چل سکتی ہیں جس سے ٹھنڈ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
بہار کے کئی ضلعوں میں بارش کے آثار ہیں۔ 23 اکتوبر کو خلیج بنگال میں ایک طوفان بننے کا خدشہ ہے جس کی وجہ سے بہار کے موسم میں تبدیلی کے ساتھ ٹھنڈ بھی بڑھ سکتی ہے۔ 24 اکتوبر کو پٹنہ سمیت سبھی اضلاع میں 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوا چلنے کے ساتھ کچھ مقامات پر بادل گرجنے، بجلی گرنے کے امکان کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
اتر پردیش کی بات کی جائے تو محکمہ نے 22 اکتوبر کو مغربی اور مشرقی دونوں حصوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ 23 اکتوبر کو بھی یہاں موسم صاف رہے گا اور 24 اکتوبر سے موسم بدلنے کا قیاس لگایا جا رہا ہے۔ اس دن مشرقی یوپی میں کہیں کہیں پر گرج اور چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔